نگران وزیر آئی ٹی نے پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ کا اجرا کر دیا

Published On 09 January,2024 01:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ کا اجرا کر دیا۔

تقریب میں ملکی و غیر ملکی سرماریہ کاروں، سفارت کاروں اور معروف ٹیکنالوجی کمپنیوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ حکومت نے پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے ہیں، اس فنڈ کا مقصد پاکستان میں وینچر سرمایہ کاری تیز تر کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس فنڈ سے سٹارٹ اپس کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی، سٹارٹ اپ فنڈ کے ذریعے ہر سٹارٹ اپ کو 30 فیصد معاونت دی جائے گی۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ غیر ملکی وینچر سرمایہ کار 70 فیصد سرمایہ کاری کریں گے، سٹارٹ اپ فنڈ پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، وزارت آئی ٹی سٹارٹ اپس کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

نگران وزیر نے مزید کہا ہے کہ 4 سال میں پاکستانی سٹارٹ اپس میں تقریباً 800 ملین ڈالرز بیرونی سرمایہ کاری ہوئی، ملک میں 8 نیشنل انکیوبیشن سینٹرز سٹارٹ اپس کو سپورٹ کر رہے ہیں، اس وقت 4 ہزار سے زائد سٹارٹ اپس کام کر رہے ہیں۔