کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) تاریخ میں پہلی بار ایپل ایک سال میں سب سے زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کرنے والی کمپنی بن گئی ہے۔
سمارٹ فونز کی فروخت کے اعداد و شمار پر نظر رکھنے والی کمپنیوں آئی ڈی سی اور کینالیز کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 2023 میں ایپل نے سام سنگ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
آئی ڈی سی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2023 میں ایپل نے 23 کروڑ 46 لاکھ سے زائد آئی فونز فروخت کیے، اس کے مقابلے میں سام سنگ نے 22 کروڑ 66 لاکھ جبکہ شیاؤمی نے 14 کروڑ 59 لاکھ اسمارٹ فونزدنیا بھر میں فروخت کیے۔
2010 سے مسلسل ہر سال دنیا میں سب سے زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کرنے کا اعزاز سام سنگ کے پاس جا رہا تھا اور 13 سال بعد اسے اپنی پوزیشن سے محروم ہونا پڑا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس سے پہلے ایپل نے کبھی یہ اعزاز اپنے نام نہیں کیا تھا، حیران کن بات یہ ہے کہ 2023 میں ایپل کے سستے آئی فونز کی بجائے مہنگے فونز زیادہ فروخت ہوئے۔