ٹک ٹاک پر طویل دورانیے کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے فیچر کی آزمائش

Published On 01 February,2024 09:21 am

نیو یارک: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک کی جانب سے نصف گھنٹے دورانیے کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی اجازت دیئے جانے کا امکان ہے۔

شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کی جانب سے حیران کن طور پر نصف گھنٹے تک کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے۔

ٹک ٹاک بنیادی طور پر شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ہے اور اسی وجہ سے ہی اس نے مقبولیت حاصل کی تھی، لیکن دوسرے پلیٹ فارمز جیسا کہ انسٹاگرام، فیس بک اور یوٹیوب پر طویل ویڈیوز بھی اپ لوڈ کی جاتی ہیں، اس لئے ٹک ٹاک نے بھی گزشتہ برس قدرے طویل ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کا فیچر پیش کیا تھا۔

شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن نے 2023 میں 15 منٹ دورانیے کی ویڈیوز کو بھی اپ لوڈ کرنے کی اجازت دی تھی، اس سے قبل پلیٹ فارم نے 10 منٹ جب کہ اس سے قبل پلیٹ فارم نے 5 منٹ تک کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کا آغاز کیا تھا۔

اب خبر سامنے آئی ہے کہ ٹک ٹاک پر 30 منٹ دورانیے کی ویڈیوز کو شیئر کرنے کے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق پلیٹ فارم نے محدود کانٹینٹ کریئیٹرز کو نصف گھنٹے دورانیے کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے تک رسائی دے دی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ فیچر کی کامیاب آزمائش کے بعد ٹک ٹاک پر 30 منٹ تک کی طویل ویڈیوز کو اپ لوڈ کرنے کی اجازت دیے جانے کا امکان ہے اور ممکنہ طور پر مذکورہ فیچر کو رواں برس کے وسط تک پیش کر دیا جائے گا۔