پشاور: (دنیا نیوز) عدالت نے ایکس (ٹوئٹر) کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر پی ٹی اے، حکومت اور متعلقہ اداروں سے جواب طلب کر لیا۔
پشاور ہائی کورٹ میں ایکس (ٹوئٹر) کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر جسٹس اعجاز انور اور جسٹس وقار احمد نے سماعت کی۔
دوران سماعت عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کھلے ہیں تو صرف ایکس کو کیوں بند کیا گیا؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ ایکس ایک فارمل پلیٹ فارم ہے جو سب کے استعمال میں ہے۔
فاضل ججز نے ریمارکس دیئے کہ ایکس کو کیوں بند کیا گیا ہے؟ وزرات داخلہ نے وجوہات نہیں بتائیں؟، وزارت داخلہ اور پی ٹی اے سے جواب طلب کرنا ضروری ہے تاکہ پتہ چلے کہ ایکس کو کیوں بند کیا گیا ہے۔
بعدازاں پشاور ہائی کورٹ نے ایکس (ٹوئٹر) کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر پی ٹی اے، حکومت اور متعلقہ اداروں سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔