خبردار!سونے سے قبل سوشل میڈیا کا استعمال ترک کردیں

Published On 31 May,2024 02:47 pm

میلبرن:(ویب ڈیسک ) سونے سے قبل سوشل میڈیا کا استعمال ترک کردیں ورنہ ڈراؤنے خواب نظر آنے کا امکان بڑھتا ہے۔

موجودہ عہد میں بیشتر افراد رات کو سونے کے لیے لیٹ جانے کے بعد اسمارٹ فونز استعمال کرتے ہیں، مگر سائنسدانوں نے اس عادت کے ایک عجیب اثر کا انکشاف کیا ہے، یہ دعویٰ آسٹریلیا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔

فلینڈرز یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ سونے سے قبل اسمارٹ فون ایپس کے استعمال سے جسم کے اندر تناؤ اور انزائٹی میں اضافہ ہوتا ہے جو نیند کے مسائل اور ڈراؤنے خوابوں کا باعث بنتا ہے۔

اس تحقیق میں 595 ایسے بالغ افراد کو شامل کیا گیا تھا جو سوشل میڈیا کو اکثر استعمال کرنے کے عادی تھے، ان افراد کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا، ایک گروپ 27 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کا تھا جبکہ دوسرا 27 سال سے کم افراد پر مشتمل تھا۔

ان افراد سے 14 سوالات پر مبنی سوالنامہ پُر کراگیا اور ان سے معلوم کیا گیا کہ وہ کس طرح کے خواب دیکھتے ہیں، نتائج سے معلوم ہوا کہ سونے سے قبل سوشل میڈیا کے استعمال سے ڈراؤنے خواب نظر آنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کی ایسے افراد کو ڈراؤنے خوابوں کا سامنا آن لائن موجودگی برقرار رکھنے کے تناؤ، آن لائن نفرت انگیز مواد یا دیگر افراد کے توہین آمیز رویے کی وجہ سے ہوتا ہے،یہ بھی دریافت کیا گیا کہ جو افراد سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال کرتے ہیں، انہیں اکثر سوشل میڈیا سے جڑے ڈراؤنے خوابوں کا سامنا ہوتا ہے۔

محققین نے مزید بتایا کہ سونے سے قبل انسٹا گرام، ایکس (ٹوئٹر) اور فیس بک استعمال کرنے والے افراد میں ڈراؤنے خواب نظر آنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے، موجودہ عہد میں بیشتر جوان افراد سوشل میڈیا بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں اور سوشل میڈیا ان کی روزمرہ کی زندگی کے معمولات کا حصہ بن چکا ہے۔