ٹوکیو :(دنیا نیوز) دیکھنے میں 1980 کی دہائی کی سائنس فکشن فلموں جیسا بہت بڑا روبوٹ جاپان میں ریلوے ٹریک کو درست رکھنے کا کام کر رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویسٹ جاپان ریلوے نے ایک نئے انسان نما روبوٹ کو ملازمت میں رکھا ہے، بڑے ہاتھوں اور کارٹون کریکٹر وال ای جیسے چھوٹے سر والا یہ روبوٹ ریلوے ٹریک کو درست رکھنے کا کام کرتا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ یہ روبوٹ ٹرک پر بنے ایک کیبن پر بیٹھ کر کام کرتا ہے اور اپنی آنکھوں میں موجود کیمروں کے ذریعے دیکھ کر اپنے کام کرتا ہے، 12 میٹر لمبا یہ روبوٹ اپنے ہاتھوں سے 40 کلو گرام وزنی اشیا اٹھا سکتا ہے، رنگ کرنے کے لیے پینٹ پکڑ سکتا ہے یا آری بھی استعمال کر سکتا ہے۔
ابھی اس روبوٹ کا بنیادی کام ریلوے ٹریک کے اوپر موجود درختوں کی شاخیں کاٹنا اور ٹرینوں کے اوپر موجود تاروں کو سنبھالنے والے دھاتی فریمز کو رنگنا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی سے افرادی قوت کی کمی پر قابو پانے میں مدد ملے گی، جاپان میں معمر افراد کی تعداد میں اضافے کے باعث ورکرز کی کمی ہوئی ہے جبکہ اس روبوٹ کے استعمال سے حادثات سے بچنے میں بھی مدد ملے گی، اس کام کے دوران گرنے یا الیکٹرک شاک لگنے کا خطرہ ہوتا ہے مگر روبوٹ اس سے محفوظ رہے گا۔
کمپنی نےمزید بتایا گیا کہ ہمیں توقع ہے کہ مستقبل میں انفرا اسٹرکچر کی ہر طرح کی مرمت کا کام اس روبوٹ سے کرایا جاسکے گا جبکہ افرادی قوت کی کمی کے مسئلے کا سامنا بھی نہیں ہوگا۔