نیویارک: (ویب ڈیسک) گوگل نے میپس سے صارفین کی لوکیشن ہسٹری ڈیلیٹ کرنے کا اعلان کر دیا۔
انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کی جانب سے صارفین کی تمام طرح کی معلومات ڈیوائس سمیت گوگل کلاؤڈ اور دیگر جگہوں پر محفوظ کی جاتی رہی ہے۔
گوگل کی جانب سے لوکیشن ہسٹری کو 2023 میں گوگل کلاؤڈ کے بجائے صارف کی ڈیوائس میں محفوظ کرنا شروع کیا گیا تھا لیکن اب کمپنی نے ہسٹری کو ڈیلیٹ کرنے کی تصدیق کی ہے۔
انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کے مطابق صارفین کی گوگل میپس کی لوکیشن ہسٹری کو 3 ماہ کے بعد ڈیلیٹ کر دیا جائے گا، یعنی میپس پر صرف تازہ تین ماہ کی لوکیشن ہی موجود رہے گی، اگلے تین ماہ بعد پرانے تین ماہ کی لوکیشن غائب ہوتی رہے گی۔
گوگل نے مذکورہ فیصلے سے متعلق اپنی بلاگ پوسٹ سمیت صارفین کو بھیجی گئی ای میل میں بھی واضح کیا ہے۔
خیال کیا جاتا رہا ہے کہ گوگل میپس میں لوکیشن ہسٹری کو محفوظ کئے جانے سے گوگل صارفین کی معلومات حاصل کرتا تھا، جسے وہ اشتہارات سمیت دوسرے مقاصد کیلئے استعمال کرتا تھا لیکن اب کمپنی نے صارفین کی لوکیشن ہسٹری ڈیلیٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔