کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) میٹا کے سوشل میڈیا نیٹ ورک تھریڈز میں نئے سرچ ٹول کا اضافہ کیا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ اب صارفین کے لیے تھریڈز میں مخصوص پوسٹس کو سرچ کرنا زیادہ آسان ہو جائے گا، سرچ بار پر مینیو میں جائیں جہاں پروفائل اور ڈیٹ رینج کے مطابق سرچ کا آپشن نظر آئے گا۔
ابھی یہ فیچر محدود افراد کو دستیاب ہے مگر آئندہ چند ہفتوں میں دنیا بھر میں صارفین کو دستیاب ہوگا، یہ نیا فیچر اس وقت متعارف کرایا گیا ہے جب ایکس (ٹوئٹر) کو چھوڑنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
زیادہ تر افراد ایکس کو چھوڑ کر بلیو اسکائی کا رخ کر رہے ہیں مگر تھریڈز کی جانب سے انہیں اپنی جانب کھینچنے کے لیے کافی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔
اس سے قبل تھریڈز میں ایکٹیویٹی اسٹیٹس کے نام سے ایک فیچر متعارف کرایا گیا تھا، یہ فیچر آپ کو یہ دیکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے کہ تھریڈز پر کون آن لائن ہے، اسی طرح کچھ ہفتے قبل لوکیشن ٹیگنگ فیچر بھی تھریڈز کا حصہ بنایا گیا تھا۔
اس فیچر کے ذریعے آپ اپنی پوسٹس میں کسی لوکیشن کا اضافہ کریں گے، کمپنی کے مطابق لوکیشن شیئرنگ کو استعمال کرکے صارفین کو ان کے قریبی مقامات کے پیش نظر رکھ کر زیادہ بہتر مواد دکھایا جائے گا۔