2024: موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں ماضی کی نسبت بہتری

Published On 19 December,2024 09:14 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سال 2024 کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ رواں سال ملک بھر میں موبائل انٹرنیٹ کی رفتار ماضی کے مقابلے بہتر ہوئی۔

انٹرنیٹ سروسز پر نظر رکھنے والے اداروں کے مطابق رواں برس پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست رہی۔

پاکستان میں رواں برس فروری میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد متعدد مواقع پر ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سروسز انتہائی سست رہیں جبکہ بعض مواقع پر انٹرنیٹ اور موبائل سروسز مکمل طور پر بند بھی رہیں۔

لیکن اب چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمان کی جانب سے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے حوالے کی گئی سالانہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رواں برس موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں مجموعی طور پر 28 فیصد اضافہ ہوا۔

سالانہ رپورٹ کے مطابق مالی سال 24-2023 کے دوران ٹیلی کام شعبے کو 955 ارب روپے آمدنی ہوئی جبکہ اسی عرصے کے دوران 2 کروڑ 96 لاکھ موبائل ڈیوائسز مقامی سطح پر تیار کی گئیں۔

رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ٹیلی کام سبسکرائبرزکی تعداد ستمبر 2024 تک 19 کروڑ 60 لاکھ جبکہ براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 12 کروڑ 76 لاکھ سے بڑھ کر 14 کروڑ 23 لاکھ تک جا پہنچی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک میں موبائل فون سروسز 91 فیصد اور 4G سروسز 81 فیصد آبادی تک پہنچ چکی ہیں جبکہ سال میں ملک میں موبائل ڈیٹا کے استعمال میں 24.2 فیصد اضافہ ہوا، اسی طرح براڈبینڈ تک رسائی 53.6 فیصد سے بڑھ کر58.4 فیصد ہوگئی۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ سال 2024 میں ملک کے اندر موبائل انٹرنیٹ کی اوسط رفتار میں 28 فیصد اضافہ ہوا، ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار 15.65 ایم بی پی ایس سے بڑھ کر 20.02 ایم بی پی ایس تک جا پہنچی۔