ملک میں انٹرنیٹ کی سپیڈ بڑھانے کیلئے جدید کیبل زیر سمندر کراچی پہنچ گئی

Published On 24 December,2024 02:05 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار میں اضافے کیلئے جدید زیر سمندر انٹرنیٹ کیبل کراچی پہنچ گئی۔

زیر سمندر جدید انٹرنیٹ کیبل کی لمبائی 45 ہزار کلومیٹر ہے، زیر سمندر انٹرنیٹ کیبل 2 افریقا سے پاکستان کو 24 ٹیرابائٹس بینڈوڈتھ دستیاب ہوگی، اس وقت پاکستان کو 7 کیبلز سے 8 ٹیرابائٹس بینڈوڈتھ دستیاب ہے۔

آئی ٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرانس ورلڈ کے تحت فرانسیسی کمپنی کی جانب سے کیبل کی تنصیب کا کام جاری ہے، اس سے سوشل میڈیا ایپس سمیت انٹرنیٹ کی سپیڈ بڑھے گی، کیبل افریقہ 2 کا مقصد دنیا بھر میں انٹرنیٹ اور ڈیٹا سروسز کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنا ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ جدید کیبل کے منسلک ہونے سے پاکستان میں ڈیجیٹل ترقی کو فروغ ملے گا اور انٹرنیٹ صارفین کے لئے زیادہ تیز اور مستحکم کنیکٹیویٹی فراہم کی جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) کے چیئرمین سجاد مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ اُمید ہے کہ نئی کیبلز جڑنے سے انٹرنیٹ کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ ہفتوں کیلئے کچھ علاقوں میں انٹرنیٹ کا مسئلہ آیا تھا جو حل ہو گیا ہے، اگلے سال 3 چار بڑی میجر قسم کی کیبلز اور فائیو جی سے انٹرنیٹ کا مسئلہ حل ہو جائے گا، کیبل 2 ابھی لنک ہوئی ہے البتہ ایکٹیویٹ نہیں ہوئی۔