انسٹاگرام ازخود صارفین کی اے آئی تصاویر بنا کر شیئر کرنے لگا

Published On 08 January,2025 08:42 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام نے صارفین کی ازخود آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی مدد سے تصاویر بنا کر انہیں صارفین کے ساتھ شیئر کرنا شروع کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام کی جانب سے ازخود صارفین کی اے آئی تصاویر بنا کر انہیں صارفین کی فیڈ میں بھیجنے کے فیچر کی آزمائش شروع کر دی گئی۔

مذکورہ فیچر محدود صارفین کو نظر آ رہا ہے، جس کے تحت انہیں اپنی اے آئی تصاویر اپنی فیڈ پر نظر آ رہی ہیں۔

انسٹاگرام پر صارف کی اپنی فیڈ پر شیئر کردہ ان کی تصایر کے کیپشن میں بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ تصویر صرف صارف ہی دیکھ سکتا ہے لیکن اگر وہ چاہے تو اسے دوسروں کے ساتھ شیئر کر سکتا ہے۔

مذکورہ فیچر کے تحت انسٹاگرام کا میٹا اے آئی سسٹم خود ہی صارفین کو مختلف پس منظر کی اے آئی تصاویر بنا کر دیتا ہے اور پھر صارف چاہے تو مذکورہ تصاویر کو اپنی ٹائم لائن پر شیئر بھی کر سکتا ہے۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ مذکورہ فیچر کو باضابطہ طور پر کب تک متعارف کرایا جائے گا، تاہم محدود صارفین مذکورہ فیچر کو دیکھنے کے اہل ہیں۔

خیال رہے کہ انسٹاگرام اور فیس بک نے پہلے ہی اے آئی کی مدد سے اپنی تصاویر بنانے کا فیچر پیش کیا تھا۔