چین نے دنیا کی پہلی فضائی موٹر بائیک سے پردہ اٹھا دیا

Published On 19 January,2025 09:16 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے دنیا کی پہلی فضائی موٹر بائیک سے پردہ اٹھا دیا۔

چینی کمپنی رکٹر کی جانب سے متعارف کرائی گئی اس بائیک کے غیر معمولی نمونے سے معلوم ہوتا ہے کہ کس طرح یہ ٹرانسپورٹ کے شعبے کو بدل کر رکھ سکتی ہے، یہ بائیک 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر سکتی ہے۔

سکائی رائیڈر ایکس 1 نامی یہ بائیک صرف ایک بٹن سے سڑک سے آسمان اور آسمان سے سڑک پر اتر سکتی ہے۔

چینی کمپنی کے مطابق سکائی رائیڈر ایکس 1 جب سڑک پر ہوگی تو یہ ایک برقی بائیک کی طرح چلائی جا سکے گی لیکن جب اس کے چاروں بازوؤں کو کھول دیا جائے گا تو یہ ایک فضائی بائیک میں بدل جائے گی اور پنکھے چلنے کے بعد سوار کو منزل کے متعلق بتانا ہوگا اور پھر بائیک انہیں اڑا کر وہاں تک لے جائے گی۔

یہ سواری دو مختلف ورژن میں دستیاب ہوگی، کم قیمت کی بائیک ایکس 1 ایس ایل فضاء میں 25 منٹ تک پرواز کر سکے گی جبکہ زیادہ قیمت والی ایکس 1 ایس ایکس بائیک میں زیادہ بڑی بیٹری نصب ہوگی اور وہ 40 منٹ تک پرواز کر سکے گی، بائیک میں ایمرجنسی پیراشوٹ بھی موجود ہوگا۔