اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے سعودی وفد سے ملاقات کی اور اے آئی کویڈورز کے قیام پر غور کیا۔
وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے مطابق شزا فاطمہ کی سڈایا کے نائب گورنر اسام الوقیت سے اہم ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان AI اور ڈیجیٹل تعاون کو فروغ دینے پر گفتگو کی گئی ۔
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان AI کوریڈورز کے قیام پر غوراور پاکستانی AI سٹارٹ اپس کے لیے کم لاگت مواقع پیدا کرنے پر تبادلہ خیال کیا، منصوبہ پاکستان نوجوانوں کی صلاحیتوں کو جدت اور ترقی کے لیے بروئے کار لائے گا۔
دوران ملاقات انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ ڈیجیٹل سکلز ٹریننگ پروگرامزاور پاکستانی سٹارٹ اپس کے لیے سعودی مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنانے پر اتفاق کیا جبکہ پاکستانی سٹارٹ اپس کے لیے سعودی فنڈنگ پروگرامز سے استفادے پر بھی گفتگو ہوئی۔
شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سٹارٹ اپس کو خطے میں نمایاں مقام دلانے کے لیے پرعزم ہے جبکہ ڈاکٹر محمد العتیبی سے ملاقات میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ۔
قبل ازیں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ڈاماک کے چیئرمین حسین سجوانی سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ سرحد پار ٹیکنالوجی کی شراکت داری سے اقتصادی ترقی ممکن ہوگی۔
انہوں نے پاکستانی سٹارٹ اپس کے لیے سعودی عرب میں وینچر کیپیٹل سرمایہ کاری، مشترکہ R&D منصوبوں کے فروغ پر زوراور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے سعودی تعاون اہم قراردیا۔