ٹیکنو فیسٹ 2025ء میں پاکستانی طالبات نے میدان مار لیا

Published On 06 May,2025 06:34 pm

انقرہ: (ویب ڈیسک) ٹیکنو فیسٹ 2025ء میں پاکستانی طالبات نے میدان مار لیا، پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر انہوں نے صدر اِردوان سے ایوارڈ وصول کیا۔

پاکستانی طالبات نے عالمی سطح پر ایک بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، لاہور کے ڈریم گارڈن کیمپس کی طالبات عاصمہ فاطمہ اور انائیہ خان نے ترکیہ میں ہونے والے ’’ٹیکنو فیسٹ 2025‘‘میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

یہ مقابلہ ایروسپیس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور جدید ایجادات کے میدان میں منعقد ہوا، جس میں پاکستانی طالبات نے سیکڑوں بین الاقوامی طلبا کے مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

خصوصی تقریب میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اِردوان نے ہونہار طالبات سے ملاقات کی اور انہوں نے عاصمہ فاطمہ اور انائیہ خان کو مبارکباد دی اور اظہار شفقت کیا۔

ایوارڈ وصولی کے وقت پاکستانی طالبات نے قومی پرچم لہرایا اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘اور ’’پاک ترکیہ دوستی پائندہ باد‘‘کے نعرے بلند کیے۔ یہ پہلا موقع تھا جب پاکستانی طالبات کو ترکیہ کے صدر سے براہِ راست ایوارڈ لینے اور ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا۔