پاکستان امریکہ کو بڑی برآمدی منڈی اور قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے: جام کمال

Published On 06 May,2025 05:44 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کو سب سے بڑی برآمدی منڈی کے طور پر قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں یو ایس۔پاکستان بزنس کونسل کے وفد نے جام کمال خان سے ملاقات کی، امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر بھی وفد کے ہمراہ موجود تھی، ملاقات کے دوران پاک امریکہ کا اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق ہوا۔

دوران ملاقات وزیر تجارت نے کہا کہ یو ایس پی بی سی کا دورہ دوطرفہ اقتصادی تعلقات مضبوط کرے گا، پاکستان امریکہ کو سب سے بڑی برآمدی منڈی کے طور پر قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، تجارتی خسارہ اور منڈی تک رسائی کے مسائل حل کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پر کام جاری ہے، سویابین کی برآمدات کی بحالی دونوں ملکوں کے مابین مضبوط تجارتی تعلقات کی عکاس ہے۔

نیٹلی بیکر کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ کپاس کے شعبے میں تعاون سے پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کو فائدہ پہنچے گا۔

جام کمال خان نے وفد سے مل کر وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں امریکہ سے تجارتی تعلقات مزید بہتر بنانے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ معیشت میں مثبت رجحانات اور بڑے معاشی اشاریوں میں بہتری، وزیر تجارت کاروباری آسانیوں کے لیے پالیسی ریٹ، مہنگائی اور بجلی نرخوں میں کمی کی گئی۔

آخرمیں وفد میں شامل چارلس فری مین کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کا گرم جوش خیرمقدم قابلِ تعریف ہے، یو ایس۔پاکستان بزنس کونسل کا دورہ تجارتی شراکت داری کو فروغ دینے کا اہم موقع ہے، امریکی کمپنیوں کا پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے کا عندیہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔