اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا قائم مقام افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے 19 اپریل کو دورہ افغانستان کے بعد تعلقات میں ہونے والی پیش رفت کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
فریقین نے خطے کی امن و سلامتی کو فروغ دینے کے لیے تعاون پر زور دیا، دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطحی رابطوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے قائم مقام افغان وزیر خارجہ کو پاکستان کے خلاف بھارت کی طرف سے حالیہ اشتعال انگیزی سے آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے اپنے ہم منصب کو غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا، وزیر خارجہ نے امن کے لیے پاکستان کے عزم اور پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قائم مقام افغان وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو دوبارہ افغانستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔