اسحاق ڈار کی ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات، تجارت، توانائی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

Published On 05 May,2025 05:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایران کے وزیر خارجہ سے اسحاق ڈار کی ملاقات ہوئی، رہنماؤں نے مضبوط پاکستان ایران تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے تجارت، توانائی اور رابطوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، رہنماؤں نے جنوبی ایشیا کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، وزرائے خارجہ نے امریکہ ایران مذاکرات پر گفتگو کی۔

دونوں رہنماؤں نے مسائل کو سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا، وزرائے خارجہ نے خطے کی صورتحال سمیت بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے پہلگام واقعے کے بعد سے بھارت کے اشتعال انگیز پر تحفظات کا اظہار کیا، اسحاق ڈار نے بھارتی اقدامات سے جنوبی ایشیا میں موجودہ کشیدگی پر پاکستان کے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

اسحاق ڈار نے ہندوستان کی جانب پاکستان کو ملوث کرنے کی کوشش کو مسترد کر دیا، اسحاق ڈار نے پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مسلسل مذمت کی ہے، اسحاق ڈار نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔

فریقین نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا، اسحاق ڈار نے نازک صورتحال میں ایرانی وزیر خارجہ کے دورے کو سراہا۔