اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) اور ٹیلی کام آپریٹروں کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ٹیلی کام سروسز کی بحالی کے اقدامات جاری ہیں۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی خیبر پختونخوا اور ملک کے دیگر سیلاب زدہ علاقوں میں ٹیلی کام صورتحال کے حوالے سے نگرانی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، حالیہ سیلاب سے متعدد موبائل اور فکسڈ لائن سائٹس متاثر ہوئی ہیں جس کے باعث سروسز میں تعطل پیدا ہوا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی اے کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور وفاقی و صوبائی اداروں، ضلعی انتظامیہ اور ٹیلی کام آپریٹروں کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ سروسز کے حوالے سے فوری بحالی کا عمل یقینی بنایا جا سکے۔
بونیر میں پی ٹی اے نے وفاقی وزیر امیر مقام، چیئرمین پی ٹی آئی گوہر خان، ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم اور پی ٹی سی ایل و سی ایم اوز کے اعلیٰ نمائندگان کے ساتھ نیٹ ورک کی بحالی کے اقدامات کے جائزے کے لیے اجلاس منعقد کیا۔
واضح رہے کہ پی ٹی اے کی جانب سے ٹیلی کام آپریٹروں کے تعاون سے کم سے کم وقت میں کمیونیکیشن سروسز کی بحالی کے حوالے سے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ بلا تعطل ٹیلی کام خدمات ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کے حوالے سے بروقت اقدامات اٹھائے جا سکیں۔
ادھر پاکستان کی نجی کمپنی کے ڈیجیٹل آپریٹرز نے خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں تمام صارفین کے لیے مفت آن نیٹ اور پی ٹی سی ایل کالز کا اعلان کر دیا۔