پاکستان انٹرنیٹ کی دنیا میں جنوبی ایشیا میں بہت پیچھے رہ گیا

Published On 03 September,2025 11:43 am

اسلام آباد: (حریم جدون) پاکستان انٹرنیٹ کی دنیا میں جنوبی ایشیا میں نمایاں طور پر پیچھے رہ گیا ہے، حالیہ عالمی درجہ بندی کے مطابق پاکستان موبائل اور فکسڈ براڈ بینڈ انٹرنیٹ سپیڈز کے حوالے سے نچلے نمبروں پر موجود ہے۔

پاکستان نے عالمی درجہ بندی کے حوالے سے دستاویز حاصل کر لیں، دستاویزات کے مطابق موبائل انٹرنیٹ کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان 98 ویں نمبر پر ہے، جہاں اوسط ڈاؤن لوڈ سپیڈ صرف 25 ایم بی پی ایس ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسی فہرست میں بھارت 27 ویں، بنگلہ دیش 92 ویں جبکہ سری لنکا 78 ویں نمبر پر موجود ہے۔

موصول ہونے والے دستاویز کے مطابق فکسڈ براڈ بینڈ کی عالمی درجہ بندی میں بھی پاکستان 144 ویں نمبر پر ہے جہاں اوسط براڈ بینڈ سپیڈ صرف 18 ایم بی پی ایس ہے، اسی فہرست میں بھارت 99 ویں، بنگلہ دیش 98 ویں جبکہ سری لنکا 164 ویں نمبر پر موجود ہے۔

دستاویز کے مطابق عالمی اوسط موبائل انٹرنیٹ سپیڈ تقریباً 60 ایم بی پی ایس ہے، جبکہ اوسط فکسڈ براڈ بینڈ تقریباً 100 ایم بی پی ایس ہے۔

ان اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کو ڈیجیٹل ترقی کے میدان میں ابھی طویل فاصلہ طے کرنا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ سپیڈ اور معیار میں بہتری نہ صرف عوامی سہولت بلکہ ملکی معیشت، تعلیم اور آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کیلئے بھی ناگزیر ہے۔