کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے اپنے صارفین کیلئے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کے بعد اب ایپ پر وائس نوٹس اور تصاویر یا ویڈیوز بھیجنا ممکن ہوگیا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق ٹک ٹاک نے اپنے صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے تحت صارفین 60 سیکنڈ تک کی آواز ریکارڈ کر کے براہِ راست پیغام میں بھیج سکتے ہیں، اس کے علاوہ ایک وقت میں 9 تصاویر یا ویڈیوز بھی ایک ساتھ شیئر کی جا سکتی ہیں، چاہے وہ کیمرے سے لی گئی ہوں یا موبائل کی گیلری سے منتخب کی گئی ہوں۔
ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی صرف ویڈیوز دیکھنے اور شیئر کرنے سے آگے بڑھ کر ایپ کو روزمرہ بات چیت کیلئے بھی ایک سہولت بنائے گی، بالکل ویسے ہی جیسے واٹس ایپ یا انسٹاگرام پر کیا جاتا ہے۔
صارفین کی حفاظت کے لئے کمپنی نے ایک شرط بھی رکھی ہے کہ اگر کوئی شخص پہلی بار آپ کو پیغام بھیج رہا ہے تو وہ اپنی لی گئی تصویر یا ویڈیو نہیں بھیج سکتا، بلکہ صرف ٹک ٹاک پر موجود مواد ہی شیئر کر سکے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ سہولت اگلے چند ہفتوں میں تمام صارفین کو دستیاب ہو جائے گی۔