انسٹاگرام و فیس بک ریلز پر اے آئی ترجمے کا فیچر متعارف کرائے جانے کا امکان

Published On 29 August,2025 08:58 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کی جانب سے اپنے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ترجمے ٹول کو فیس بک اور انسٹاگرام کی ریلز پر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق میٹا کی جانب سے جلد ہی مذکورہ ٹول متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، اس کے ذریعے ریلز کو خودکار طور پر دوسری زبان میں ڈب کیا جا سکے گا، یہ فیچر اے آئی کا استعمال کرتے ہوئے ترجمہ شدہ آڈیو کو دوسری آواز میں کسی بھی زبان میں ترجمہ کرنے کے اہل ہوگا۔

فی الحال مذکورہ فیچر کے تحت صارفین ریلز کا ترجمہ صرف انگریزی سے ہسپانوی اور ہسپانوی سے انگریزی زبان میں کر سکتے ہیں۔

اے آئی ٹرانسلیشن ٹول کو میٹا نے گزشتہ سال اپنے کنیکٹ ایونٹ کے دوران پیش کیا تھا۔

اس ٹول کو فعال کرنے کیلئے انسٹاگرام اور فیس بک پر ریل شائع کرنے سے پہلے دکھائی دینے والے مینیو میں ’ٹرانسلیٹ وائسز ود میٹا اے آئی‘ ٹوگل کو منتخب کیا جاتا ہے۔

میٹا اے آئی کا مذکورہ فیچر صارف کو ڈب شدہ ویڈیو میں لپ سنکنگ شامل کرنے اور شائع کرنے سے پہلے اس کا جائزہ لینے کا اختیار بھی دیتا ہے۔

فیس بک اور انسٹاگرام خودکار طور پر ترجمہ شدہ ریلز کو صارفین کی ترجیحی زبان میں دکھاتے ہیں، مذکورہ ویڈیوز پر ایک ٹیگ بھی ہوگا جو ظاہر کرے گا کہ اس کا ترجمہ میٹا اے آئی کے ذریعے کیا گیا ہے۔

مذکورہ ترجمہ ٹول فیس بک پر 1,000 یا اس سے زیادہ فالوورز والے تخلیق کاروں اور تمام عوامی انسٹاگرام اکاؤنٹس کیلئے دستیاب ہوگا۔