پی ٹی اے سسٹم میں بہتری کیلئے ڈی آئی آر بی ایس اپ گریڈ کا فیصلہ

Published On 30 August,2025 07:28 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ڈیوائس آئیڈینٹی فکیشن، رجسٹریشن اور بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ترجمان پی ٹی اے کے مطابق سسٹم کی استعداد کار بہتر بنانے کے لیے پرانا ریکارڈ آف لوڈ کردیا گیا ہے تاکہ موبائل نیٹ ورک آپریٹرز اور پی ٹی اے کے سسٹم آپریشن میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صارفین کو موبائل رجسٹریشن کے لیے ایف بی آر ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی ادائیگی یقینی بنانی ہوگی، غیر رجسٹرڈ موبائل فون صرف 60 دن کے لیے نیٹ ورک پر فعال رہیں گے جبکہ 60 روز میں ایف بی آر ٹیکسز کی ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں موبائل فون دوبارہ بلاک کر دیا جائے گا۔

پی ٹی اے کا مزید کہنا ہے کہ اس اقدام سے صارفین کو سہولت اور نیٹ ورک سروسز میں بہتری حاصل ہوگی جبکہ غیر قانونی یا غیر رجسٹرڈ ڈیوائسز کے استعمال کی حوصلہ شکنی ہوگی۔