لاہور (دنیا نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (PSCA) نے اپنی پبلک سیفٹی ایپ کا ایک اپ گریڈ ورژن لانچ کر دیا ہے، جسے ہنگامی حالات سے نمٹنے اور شہریوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پبلک سیفٹی ایپ کا اپ گریڈ ورژن جدید خصوصیات کا حامل ہے جسے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی مشاورت کیساتھ شہریوں کے تحفظ کے وژن کے تحت تیار کیا گیا، ایپ کا نیا ورژن اگلے 30 دنوں تک مفت استعمال کیا جاسکتا ہے، اس اقدام سے خاص طور پر سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔
یہ ایپ پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی ایپ ہے جس میں نابینا، گونگے، سماعت سے محروم اور مرگی کے مریضوں کے ساتھ ساتھ دماغی صحت کے مسائل میں مبتلا افراد کے لیے مخصوص خصوصیات شامل ہیں، اشاروں کی زبان میں ماہر خصوصی طور پر تربیت یافتہ ایجنٹوں کو ان کی مدد کے لیے مربوط کیا گیا ہے۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) September 10, 2025
ایک منفرد لاک سکرین آپشن معذوری کے حامل صارفین کو ان کی حالت اور قریبی رشتہ داروں کی تفصیلات ظاہر کرنے کی اجازت دیتا ہے، جس سے ہنگامی حالات کے دوران تیزی سے شناخت اور بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
ایپ کے کلیدی افعال میں ون ٹیپ 15-ایمرجنسی کالنگ، لائیو چیٹ، ویڈیو کال اور لوکیشن بیسڈ فلڈ الرٹس شامل ہیں، اشارے پر مبنی SOS الرٹس، مرگی کے مریضوں کے لیے گرنے کا پتہ لگانے، حادثے اور تصادم کے انتباہات اور پیاروں کو ٹریک کرنے کے لیے فیملی سرکل کی خصوصیت بھی فراہم کرتی ہے۔
شہری ایپ کی مدد سے جرائم کی اطلاع بھی دے سکتے ہیں، ورچوئل بلڈ بینکوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، ای چالان کی تفصیلات چیک کر سکتے ہیں اور سرکاری پورٹلز جیسے چیف منسٹر پنجاب پورٹل، آئی جی پی کمپلینٹ سیل اور پولیس خدمت مرکز سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
پبلک سیفٹی ایپ کو ایک جامع ڈیزائن اپروچ کے ساتھ تیار کیا گیا ہے جو انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں دستیاب ہے، معذور شہریوں کی مدد کے ساتھ ساتھ یہ ایپ فائر بریگیڈ، طبی امداد، موٹروے پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرول سمیت ہنگامی خدمات تک براہ راست رسائی فراہم کرتی ہے، یہ ایپ خواتین، بچوں، بزرگ شہریوں اور اقلیتوں کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات کو بڑھاتی ہے جو اسے پنجاب ٹینکالوجی پر مبنی عوامی تحفظ کی جانب ایک جامع اقدام قرار دیتی ہے۔