لاہور:(دنیا نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز سیلاب متاثرین کے بڑے ریلیف پیکیج کا جلد اعلان کریں گی۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’نقطہ نظر‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرہ بہت بڑا ریسکیوآپریشن کیا گیا ہے، تمام ادارے دن رات کام کر رہے ہیں، گزشتہ کئی سالوں سے کبھی ایسا نہیں ہوا کہ مون سون کا چار ماہ کا سپیل آیا۔
انہوں نے کہا کہ ریلیف کیمپ بند کرنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں چلائی جارہی ہیں، بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے ریلیف کیمپوں میں ہی سکولز قائم کیے گئے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب سیلاب متاثرین کے بڑے ریلیف پیکیج کا جلد اعلان کریں گی۔
وزیراطلاعات پنجاب کا مریم نواز کے دوروں کے حوالے سے سوال کے متعلق کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے دوروں کے دوران ایک طرف انتظامیہ پرچیک اینڈ بیلنس رہتا ہے اور دوسری جانب وہ کھانا ،ادویات، جانوروں کے چارے اور ریسکیو سے متعلق ضلع کے کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس لیتی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ کی تصویر کے حوالے سے ایس او پیز کے بارے میں بتایا کہ مریم نواز کی تصویر سے بہت سے مخالف کو تشویش اور انہیں ڈر لگتا ہے، کیوں کہ انہوں نے اپنی محنت سے بہت سے لوگوں کی محبت سمیٹ لی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اگر راشن بانٹ رہی ہے تو کوئی اور فلاحی کام کررہی ہے تو مریم نواز کا لوگو بنا ہوا ہے ، تصویر لگانے کی اجازت نہیں ہے یہ کچھ لوگوں کی جانب سے اوور ڈؤنگ ہورہی ہے۔
وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ وفوڈ سکیورٹی کے ممکنہ بحران کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے کل تین گھنٹے اجلاس کیا ، جس کیلئے پنجاب حکومت اقدامات کررہی ہے کہ اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہوا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن نے دریا اور ندی نالوں کی آبی گزرگاہوں میں قائم ہاؤسنگ سوسائٹیز کے مالکان کے حوالے سے کارروائیاں شروع کردی گئیں ہیں، آج ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کا مالک بھی گرفتار کیا گیا، باقی کی بھی تفصیلات منگوا لی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران اور بند توڑنے کے حوالے سے مریم نواز نے کسی قسم کی کوئی مداخلت نہیں کی، انہوں نے اس حوالے سے کوئی سیاسی دباؤ قبول نہیں کیا۔
وزیراطلاعات پنجاب کا علی امین گنڈا پور کے کالا باغ ڈیم کے حوالے سے بیان کے متعلق مزید کہنا تھا کہ مریم نواز بھی اس حوالے سے سنجیدہ ہیں، اُن کی پالیسی ہے وہ تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چلتی ہیں اور آنے والے دنوں ایسی آفات سے نمٹنے کے لیے اتفاق رائے سے فیصلے کریں گی۔