بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیجنگ سے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ٹیلیفونک کال کی اور سیلابی صورتحال پر بریفنگ لی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو پاکستان میں سیلابی صورتحال، امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی اور روای، چناب اور ستلج میں بڑھتی ہوئی طغیانی کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو دریاؤں میں بڑھتی ہوئی طغیانی کے پیش نظر ریسکیو و امدادی کارروائیوں کی تیاری قبل از وقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں سے مکمل تعاون کر کے حفاظتی اقدامات اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے عوام کو راوی، چناب اور ستلج میں بڑھتی ہوئی طغیانی کے حوالے سے عوام کو پیشگی آگاہ کرنے کا بھی حکم دیا۔