ملتان :(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کے ضلع ملتان کا دورہ کیا جہاں قاسم بیلہ ریلیف کیمپ میں انتظامات کا جائزہ لیا۔
اپنے دورے کے دوران مریم نواز سیلاب متاثرہ بچوں اور خواتین میں گھل مل گئیں، انہوں نے بچوں میں چاکلیٹ، بسکٹ اور وردی پیک تقسیم کیے جب کہ بچوں کو خود اپنے ہاتھوں سے جوتے پہنائیں، خواتین کو ملبوسات اوردیگر تحائف پیش کیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب فلڈ کیمپ میں ننھے بچوں کے درمیان بیٹھ گئیں جبکہ بچوں سے گپ شپ کی اور مختلف سوال پوچھے،انہوں نے بچوں سے حروف تہجی کے بارے میں پوچھا جب کہ متاثرہ خاندانوں سے مسائل اور ضروریات کے بارے میں دریافت کیا۔
مریم نواز نے خواتین کو گھروں کی بحالی کے لیے اقدامات کا یقین دلایا اور ٹینٹوں میں صفائی اور دیگر انتظامات پر اظہار اطمینان کیا، قاسم بیلہ فلڈ ریلیف کیمپ میں ہیلتھ، ریسکیو اور دیگر کاؤنٹرز کا جائزہ لیا۔
کمشنر ملتان عامر کریم اور ڈپٹی کمشنر وسیم سندھو نے وزیراعلیٰ پنجاب کو انتظامات کے بارے میں بتایا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے بچوں کے لیے کھانا، دودھ اور دیگر ضروریات پوری کرنے کی ہدایت کی، انہیں مظفر گڑھ کے علاقے ہیڈ محمد والا میں سیلابی صورتحال پر بھی بریفنگ بھی دی گئی۔