کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) میٹا نے فیس بک ڈیٹنگ میں نئے فیچر کے طور پر اے آئی اسسٹنٹ متعارف کرا دیا۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق فیس بک نے اپنی ڈیٹنگ سروس میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس میں اے آئی (مصنوعی ذہانت) اسسٹنٹ شامل کیا گیا ہے، یہ اسسٹنٹ صارفین کی مدد کرے گا تاکہ وہ آسانی سے اپنے لئے اچھے اور مناسب ساتھی تلاش کر سکیں۔
یہ اے آئی اسسٹنٹ صارفین کی پروفائل بہتر بنانے میں مدد کرے گا اور انہیں ایسے ساتھی کو تلاش کرنے میں آسانی فراہم کرے گا جو ان کی پسند اور دلچسپی کے مطابق ہوں۔
مثال کے طور پر صارف اب اے آئی سے کہہ سکتا ہے کہ اسے ٹیکنالوجی میں دلچسپی رکھنے والی لڑکی ڈھونڈ کر دکھائیں۔
اسی کے ساتھ فیس بک ڈیٹنگ نے ایک اور فیچر بھی متعارف کرایا ہے جس کا نام ’میٹ کیوٹ‘ ہے، یہ فیچر ہر ہفتے صارفین کو ایک سرپرائز میچ فراہم کرے گا، جو اے آئی کے الگورتھم کی مدد سے منتخب کیا جائے گا، اس کا مقصد صارفین کو ڈیٹنگ ایپس استعمال کرنے سے پیدا ہونے والی تھکن اور مشکل سے بچانا ہے۔
فیس بک ڈیٹنگ میں 18 سے 29 سال کے صارفین کے درمیان ساتھی تلاش کرنے کی تعداد میں پچھلے سال کے مقابلے میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے، ہر ماہ اس عمر کے ہزاروں صارفین فیس بک ڈیٹنگ پر اپنی پروفائل بناتے ہیں۔
اگرچہ فیس بک ڈیٹنگ کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، لیکن یہ اب بھی ٹنڈر اور ہنج جیسی ڈیٹنگ ایپس کے مقابلے میں پیچھے ہے، ٹنڈر کے روزانہ 5 کروڑ سے زیادہ فعال صارفین ہیں، جبکہ ہنج کے روزانہ 1 کروڑ فعال صارفین ہیں۔
فیس بک کے یہ نئے فیچرز صارفین کیلئے ڈیٹنگ کا تجربہ آسان اور دلچسپ بنانے کی کوشش ہیں، جس سے وہ اپنی پسند کے ساتھی تلاش کر سکیں گے اور ایپ کے استعمال سے پیدا ہونے والی تھکاوٹ سے محفوظ رہیں گے۔