سندھ جاب پورٹل کا افتتاح، شفاف طریقے سے نوجوانوں کو نوکریاں دے سکیں گے: مراد علی شاہ

Published On 28 October,2025 04:16 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ جاب پورٹل کا افتتاح کر دیا اور کہا کہ پورٹل کے ذریعے شفاف طریقے سے نوجوانوں کو نوکریاں دے سکیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 2007 میں جب بی بی پاکستان آئی تھیں، اس وقت یوتھ نےنعرہ لگایا تھا کہ  بینظیر آئے گی روزگار لائے گی ، 15، 16 سال سے نوکریاں دے رہے ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں مسائل کا سامنا رہا، کوئی کہتا تھا کہ 2011 میں نوکری لگی پھر نکال دیا گیا، کبھی آفر لیٹرز زیادہ نکلے، یہ منصوبہ ڈیجیٹل تبدیلی، شفافیت اورعوامی بااختیاری کا مظہر ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جونیئر کلرک کی جاب کا پروسیس بھی اب آن لائن ہوگا، کابینہ میٹنگ میں اب کوئی کاغذ نہیں ہوتا تمام چیزیں ڈیجیٹائزڈ ہوگئیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ جاب پورٹل کا افتتاح عوامی خدمت کی فراہمی میں ایک سنگِ میل ہے، محکمہ سائنس اینڈ آئی ٹی حکومت کا عملی و سٹریٹجک بازو ہے، سندھ جاب پورٹل مؤثر، جامع اور شہری مرکوز آئی ٹی سسٹمز کی بہترین مثال ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکمرانی کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور عوامی خدمات تک رسائی کو آسان بنا رہے ہیں، شہری و دیہی علاقوں میں عوامی سہولت کے پلیٹ فارمز متعارف کرا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ محض آغاز ہے، سائنس اینڈ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ ڈیجیٹل خدمات کے دائرے کو وسعت دے رہا ہے، محکمہ ای-لرننگ، ہنر مندی کی تربیت، سمارٹ گورننس اور ڈیٹا پر مبنی فیصلوں پر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک ڈیجیٹل طور پر مستحکم اور مستقبل کے لیے تیار سندھ کی بنیاد رکھ رہے ہیں، ہم ایسے نتائج دے رہے ہیں جو عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم ایسا سندھ بنا رہے ہیں جہاں ٹیکنالوجی عوام کا حق ہو، ہمارا مقصد قابلِ رسائی اور بااختیار نظام بنانا ہے۔