گوگل نے جی میل صارفین کی بڑی مشکل آسان کر دی

Published On 28 December,2025 08:59 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) گوگل آخرکار اپنی طویل عرصے سے جاری پالیسی میں تبدیلی متعارف کرا رہا ہے، جس کے تحت اب صارفین اپنے @gmail.com ای میل ایڈریس کو تبدیل کر سکیں گے۔

رپورٹس کے مطابق اس سے پہلے گوگل صرف تھرڈ پارٹی ای میل ایڈریس استعمال کرنے والے صارفین کو یہ سہولت دیتا تھا، جبکہ @gmail.com ایڈریس کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ اسے تبدیل نہیں کیا جا سکتا، مگر اب صورتحال صورتحال بدلنے جا رہی ہے۔

گوگل کے مطابق اب صارفین اپنے گوگل اکاؤنٹ سے منسلک @gmail.com ایڈریس کو کسی نئے @gmail.com ایڈریس میں تبدیل کر سکیں گے، اگرچہ گوگل نے اس فیچر کی مکمل تکنیکی تفصیلات نہیں بتائیں، لیکن کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ سہولت تمام صارفین کیلئے دستیاب ہوگی۔

اہم پابندیاں اور قواعد:

جب آپ اپنا @gmail.com ای میل ایڈریس کسی نئے ایڈریس میں تبدیل کریں گے تو پرانا ای میل ایڈریس alias کے طور پر برقرار رہے گا، اور آپ دونوں ایڈریسز پر موصول ہونے والی ای میلز حاصل کرتے رہیں گے۔

آپ کے اکاؤنٹ میں محفوظ تمام ڈیٹا، جیسے تصاویر، پیغامات اور پرانی ای میلز، متاثر نہیں ہوں گی۔

آپ اپنا پرانا گوگل اکاؤنٹ ای میل ایڈریس دوبارہ استعمال کر سکتے ہیں، لیکن اگلے 12 ماہ تک نیا @gmail.com اکاؤنٹ نہیں بنایا جا سکے گا، اس مدت کے دوران نیا ای میل ایڈریس ختم بھی نہیں کیا جا سکے گا، آپ Gmail، Maps، YouTube، Google Play اور Drive سمیت تمام گوگل سروسز میں پرانے یا نئے دونوں ایڈریس سے سائن اِن کر سکیں گے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اپ ڈیٹ صارفین کے لیے زیادہ لچک فراہم کرے گی اور جی میل کے روایتی سخت صارف نام کے قواعد میں اہم تبدیلی ثابت ہوگی۔