ایران نے مقامی طور پر تیار کردہ 3 سیٹلائٹس خلا میں بھیج دیئے

Published On 29 December,2025 06:12 pm

تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے خلائی میدان میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے 3 سیٹلائٹس خلا میں بھیج دیے۔

ایران نے اتوار کو روسی سویوز راکٹ کے ذریعے مقامی طور پر تیار کردہ اپنے 3 نئے سیٹلائٹس کامیابی سے خلا میں روانہ کیے۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق پایا، ظفر-2 اور کوثر 1.5 نامی یہ سیٹلائٹس روس کے وستوچنی کاسموڈروم سے لانچ کیے گئے، جو اس وقت زمین سے تقریباً 500 کلومیٹر کی بلندی پر مدار میں گردش کر رہے ہیں۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ مشن شہری اور تحقیقی مقاصد کے لیے انجام دیا گیا ہے، یہ سیٹلائٹس ایران کے نجی شعبے اور تعلیمی اداروں نے ڈیزائن کیے ہیں، جن کا مقصد ماحولیاتی نگرانی اور قدرتی وسائل کے بہتر انتظام میں مدد فراہم کرنا ہے۔

تقریباً 150 کلوگرام وزن کے ساتھ پایا اب تک ایران کا سب سے جدید اور بھاری امیجنگ سیٹلائٹ ہے، اس میں مصنوعی ذہانت کی جدید صلاحیتیں شامل کی گئی ہیں، جو تصاویر کے معیار کو بہتر بناتی ہیں، پایا کو آبی وسائل کی نگرانی، نقشہ سازی اور ماحولیاتی تجزیے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

دوسری جانب ظفر2 یونیورسٹی کے محققین نے تیار کیا ہے جبکہ کوثر 1.5 ایک ایرانی نجی کمپنی کی جانب سے بنایا گیا ایک جدید ہائی ریزولوشن سیٹلائٹ ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق حساس آلات کی محفوظ ترسیل کے لیے سویوز راکٹ کا انتخاب کیا گیا، جو اپنی قابلِ اعتماد کارکردگی کے لیے جانا جاتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایران گزشتہ 2 برسوں میں 10 سیٹلائٹس خلا میں بھیج چکا ہے، جن میں جولائی میں اسی روسی لانچ سائٹ سے کی گئی ایک لانچ بھی شامل ہے۔