خلاصہ
- کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی اسپیس ایکس کے بانی اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے امریکا کے ہر بچے کو اپنی کمپنی کے دو شیئرز تحفے میں دینے کا اعلان کردیا، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 18 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے یہ اعلان اسپیس ایکس کو خلا میں ڈیٹا سینٹرز کے قیام کے لیے 10 لاکھ سیٹلائٹس تعینات کرنے کی امریکی منظوری ملنے کے چند گھنٹوں بعد کیا۔
ایلون مسک مصنوعی ذہانت کی صنعت میں اسپیس ایکس کے کردار کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں، تاہم کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر کی تیز رفتار ترقی کے ماحولیاتی اثرات اور ٹیکنالوجی کے ارب پتی افراد کے بڑھتے ہوئے معاشی و سیاسی اثر و رسوخ پر بھی خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی مختصر پوسٹ میں ایلون مسک نے کہا کہ ہر بچے کو ایک شیئر اسپیس ایکس کی جانب سے جبکہ دوسرا شیئر وہ ذاتی طور پر دیں گے۔
ایک الگ پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ اسپیس ایکس کی جانب سے دیے جانے والے حصص اگلے ماہ منتقل کردیے جائیں گے، جبکہ ان کی ذاتی جانب سے دیا جانے والا شیئر اگلے سال جون میں منتقل ہوگا، جب ان کے اپنے حصص کی فروخت پر عائد پابندی کی مدت ختم ہوجائے گی۔
اس سے قبل بدھ کے روز اسپیس ایکس نے اعلان کیا تھا کہ ہر فعال ٹرمپ اکاؤنٹ میں کمپنی کے نئے جاری کردہ کلاس اے کامن اسٹاک کا ایک شیئر شامل کیا جائے گا۔ ایلون مسک بھی ذاتی طور پر کمپنی کی جانب سے عطیہ کیے جانے والے حصص کے برابر شیئرز فراہم کریں گے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ اکاؤنٹ ایک ایسا پروگرام ہے جس کا مقصد 18 سال سے کم عمر امریکی بچوں کو اسٹاک مارکیٹ میں شراکت کا موقع فراہم کرنا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے اکتوبر میں بتایا تھا کہ اس پروگرام کے تحت تقریباً 7 کروڑ اکاؤنٹس کھولے جاچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز اسپیس ایکس کے ایک شیئر کی قیمت 127.44 ڈالر پر بند ہوئی تھی۔ اس حساب سے امریکی بچوں کو فراہم کیے جانے والے حصص کی مجموعی مالیت تقریباً 18 ارب ڈالر بنتی ہے۔