نیکولسن عجائب گھر میں 150 سال سے مصر سے لائے گئے تابوت موجود ہیں، تین تابوتوں کو کھولا گیا تو ان میں سے حنوط شدہ لاشیں برآمد ہوگئیں
سڈنی (نیٹ نیوز ) آسٹریلیا میں سائنس دانوں کو ایک حنوط شدہ لاش کی باقیات 2500 سال پرانے تابوت سے ملی ہیں۔ ماضی میں اس تابوت کو خالی تصور کیا جاتا تھا اور اس پر تحقیق نہیں کی گئی تھی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سڈنی یونیورسٹی کی نیکولسن عجائب گھر کے پاس گزشتہ 150 سال سے مصر لائے گئے تابوت موجود ہیں۔ ان میں سے3 تابوتوں میں حنوط شدہ مکمل لاشیں موجود تھیں۔
جب ریسرچرز نے چوتھا تابوت کھولا تو وہ توقع کر رہے تھے کہ انہیں کچھ ہڈیاں یا پٹیاں ملیں گی۔ اس ٹیم کے ریسرچر جیمی فریسر کا کہنا تھا کہ ریکارڈ کے مطابق یہ تابوت خالی بتایا گیا تھا اور فقظ کچھ مواد پڑا ملا تھا لیکن اس تابوت میں ایک حنوط شدہ لاش کی لگ بھگ دس فیصد باقیات موجود ہیں۔ یہ تابوت فراعین کی26 ویں نسل کی ایک خاتون کا ہے۔ فریسر کے مطابق ابتدائی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ یہ حنوط شدہ لاش تیس برس کے انسان کی تھی، تاہم ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ لاش کسی مرد کی تھی یا خاتون کی ؟