شنگھائی(نیٹ نیوز) بیوی کے ستائے اکثر شوہر تو پاگل ہو جاتے ہیں لیکن کچھ سائنسدان بھی بن جاتے ہیں۔ خوش قسمت چینی باشندے حی کنگ کا تعلق دوسری قسم سے ہے ، وہ نہ صرف سائنسدان بن گیا ہے بلکہ ایسا کامیاب کہ اپنی ٹیکنالوجی کمپنی بھی بنا لی ہے۔
ویب سائٹ cgtn.com کے مطابق حی کنگ کا کہنا ہے اس کی بیوی اس سے کھانا پکواتی تھی اور وہ یہ کام کرتے کرتے تھک چکا تھا۔ کھانا اچھانہ بننے پر اسے اکثر بیوی کی ڈانٹ بھی سننا پڑتی تھی اس مسئلے نے حی کنگ کو اتنا پریشان کیا کہ وہ کھانا پکانے سے جان چھڑوانے کیلئے سوچ بچار کرنے لگا اور اس نے ایک ایسے روبوٹ کی تیاری پر کام شروع کیا جو اسے باورچی خانے کی ذمہ داری سے نجات دلا سکے۔
حی کنگ کا کہنا ہے کہ یہ روبوٹ بنانے میں اسے آٹھ سال کا عرصہ لگا بالآخر وہ کامیاب ہو ہی گیا۔ اس نے اپنا بنایا ہوا یہ حیرت انگیز روبوٹ شنگھائی میں منعقد ہونیوالے ٹیکنالوجی میلے میں پیش کیا تو اس کی کارکردگی نے ہر کسی کو حیران کر دیا۔
یہ روبوٹ کھانے کی تیاری کا سارا کام خود ہی کر سکتا ہے اور برتن بھی صاف کر سکتا ہے ۔ حی کنگ نے بتایا ابھی یہ روبوٹ عام کسٹمرز کو خریداری کیلئے دستیاب نہیں ہو گا۔ ابتدائی طور پر یہ صرف کرائے پر دستیاب ہو گا۔ اسے کرائے پر لینے کیلئے 10000 یوآن زرضمانت جمع کروانا ہو نگے جبکہ اس کی پکائی گئی ہر ڈش کیلئے علیحدہ سے کرایہ دینا ہو گا۔