پولینڈ میں میٹھا ٹریفک حادثہ، ٹرک الٹنے سے ہر طرف مزیدار چاکلیٹ پھیل گیا

Last Updated On 10 May,2018 08:48 am

وارسا: (دنیا نیوز) پولینڈ میں ہونیوالے انوکھے ٹریفک حادثے میں 12 ٹن ملک چاکلیٹ سے بھرا ٹرک سڑک پر الٹ گیا، ہر طرف مزیدار چاکلیٹ ملک پھیل گیا جسے اکٹھا کرنے کے دوران ریسکیو اہلکاروں کے منہ میں پانی بھی آتا رہا۔

 پولینڈ میں ریسکیو اہلکاروں کو ایک دلچسپ تجربے کا سامنا کرنا پڑا جب نہ آگ بجھائی نہ جان بچائی بلکہ سڑک پر پھیلا مِلک چاکلیٹ جمع کیا۔ گریبسزیوو شہر کی مرکزی شاہراہ پر ایک "میٹھا" حادثہ اسوقت پیش آیا جب 12 ٹن مِلک چاکلیٹ سے بھرا ٹرک ٹریفک بیرئیر سے ٹکراکر الٹ گیا جس سے ہر طرف مزیدار چاکلیٹ بھرا دودھ پھیل گیا۔ کچھ دیر کیلئے دیکھنے والوں کو یوں لگا جیسے سڑک چاکلیٹ کی بنی ہوئی ہے اور اسے صاف کرنے کے دوران سٹاف کے منہ میں بار بار پانی آتا رہا۔ تاہم حکام کے مطابق چاکلیٹ کو صاف کرنا انتہا ئی مشکل رہا جس کے لیے گرم پانی کا استعمال کیا گیا۔ حادثے میں ٹرک ڈرائیور معمولی زخمی ہوا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔