لاہور(نیٹ نیوز) آسٹریلیا کے شہر میلبورن کے ہوائی اڈے پر بجلی سے چلنے والی گاڑی Tesla Model X نے آسٹریلیا کی فضائی کمپنی کے ایک بوئنگ 787-9 طیارے کو کھینچ کر اپنی بھرپور طاقت کا مظاہرہ کیا۔
سوال یہ ہے کہ آیا کسی اور گاڑی کیلئے اس حجم کے طیارے کو کھینچنا ممکن ہے ؟بوئنگ 787 طیارہ زیادہ سے زیادہ 254 ٹن وزن کیساتھ اڑان بھر سکتا ہے تاہم جس طیارے کو رن وے پر کھینچا گیا وہ خالی تھا اور اس کا وزن صرف 130 ٹن تھا۔
البتہ وزن اس معاملے میں بہت زیادہ فرق پیدا نہیں کرتا اس لئے کہ کسی جسم پر لاگو ہونیوالی قوت کی تیزی میں اس کی حرکت کے حوالے سے تبدیلی آتی ہے اور کھینچے جانیوالے جسم کا وزن جتنا زیادہ ہو گا حرکت کی رفتار اتنی ہی کم ہو جائیگی۔
واضح رہے Tesla Model X گاڑی 660 نیوٹن / میٹر کی تدویر پیدا کر سکتی ہے جبکہ کوئی بھی دوسری سپورٹس کار غالبا 346 نیوٹن / میٹر کی حدود میں رہتی ہے۔ تدویر کی طاقت کے علاوہ طیارے کو کھینچنے والی گاڑی کا وزن بھی زیر غور ہونا چاہیے ۔ اس لئے کہ اگر گاڑی کا وزن ہلکا ہو گا تو وہ طیارے کو کھینچنے یا حرکت میں لانے کے قابل نہیں ہو گی۔