بیجنگ: (روزنامہ دنیا) چین کے ساحلی شہر میں سمندری حیات سٹار فش، کیکڑوں، جھینگوں اور چھوٹی چھوٹی مچھلیوں کی بارش نے سب کو حیران کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے ساحلی شہر قنگداؤ میں آنے والے طوفان اور بارشوں نے اس وقت دلچسپ صورت حال اختیار کرلی جب فضا سے کیکڑے ، سیپیاں اور سٹار فش گاڑیوں اور سڑکوں پر بارش کی صورت برسنے لگے جنہیں شہریوں نے حفاظت سے اپنے گھروں میں رکھ لیا۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز سمندری ہواؤں اور طوفان کے باعث چھوٹی سمندری حیات لہروں کی سطح پر آجاتی ہیں جبکہ خراب موسم کے باعث ہلاک ہونے والی سمندری حیات ساحل پر جمع ہوجاتی ہیں جہاں تیز ہوائیں چلنے کے باعث وہ اُڑ کر شہریوں پر بارش کی مانند برسنے لگیں ۔ شہریوں کو چاہیے کہ ساحل سے دور رہیں اور سڑکوں پر ملنے والی سمندری حیات سے چھیڑ چھاڑ کرنے کے بجائے متعلقہ حکام کو آگاہ کریں۔