لندن(نیٹ نیوز ) ایک آرٹسٹ اپنے شاہکار کی تخلیق کیلئے کس حد تک جا سکتا ہے یہ جاننے کیلئے ایوارڈ یافتہ فوٹوگرافر ایلن میکفائیڈن سے ملئے ۔ یہ وہ جنونی فوٹوگرافر ہے جس نے چھ سال کے دوران 7 لاکھ 20 ہزار تصاویر بنائیں اور تب کہیں جا کر وہ اپنی مطلوبہ تصویر بنانے میں کامیاب ہوا۔
ویب سائٹ وائرل نووا کے مطابق یہ شاندار تصویر بنانے کیلئے ایلن مسلسل چھ سال تک ایک ہی مقام پر قیام پذیر رہا اس دوران وہ چھپ کر کنگ فشرنامی پرندے کی تصاویر بناتا رہا اور لاکھوں تصاویر بنائیں بالآخر چھ سال بعد وہ تصویر بنانے میں کامیاب ہوا جو وہ واقعی بنانا چاہ رہا تھا۔
یہ تصویر عین اس وقت بنائی گئی جب نایاب کنگ فشر پرندہ ایک جھیل میں غوطہ لگا رہا تھا۔ اس پرندے کی تصاویر بنانا ویسے بھی قدرے مشکل کام سمجھا جاتا ہے لیکن ایلن کو تو کچھ زیادہ ہی مشکلات میں سے گزرنا پڑا۔ اپنی مطلوبہ تصویر حاصل کرنے کی کوشش میں اس نے جو لاکھوں تصاویر بنائی ہیں وہ اپنی جگہ ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔