بیونس آئرس(نیٹ نیوز) کہتے ہیں اگر ہمت و حوصلہ اور کچھ کر دکھانے کی لگن ہو تو ہر کام کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ اس نوجوان کو ہی دیکھ لیں جس نے اپنی معذوری کو مجبوری نہیں بننے دیا اور ہیئر ڈریسر بن گیا ۔
ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس سے تعلق رکھنے والا دونوں ہاتھوں سے معذور نوجوان کسٹمرز کے بال کاٹنے میں ماہر ہے جبکہ خوبصورت ہیئر سٹائل بھی با آسانی بنا لیتا ہے، جبکہ ہیئر ڈریسنگ سے لیکر اپنے تمام کام خود کرتا ہے۔
پیدائشی طور پردونوں ہاتھوں سے معذور ہے اور ایک ٹانگ میں نقص ہے تاہم اس نے اپنی اس معذوری کو کبھی اپنی مجبوری نہیں بننے دیا اور اپنے اس پیشے کے ذریعے دنیا میں نام کمانے کا خواہشمند ہے ۔ اس نوجوان کی کہانی انٹرنیٹ پر وائرل ہوچکی ہے اور حوصلے کا استعارہ بن جانے والا یہ نوجوان خوب داد سمیٹ رہا ہے ۔