سڈنی: (روزنامہ دنیا) آسٹریلیا میں منعقدہ ایک مقابلے میں تین پروفیشنل کھلاڑیوں نے صرف 39 منٹ میں 16 کلوگرام کھانا چٹ کر کے شائقین کو حیران کر دیا۔
بسیار خوری کا یہ دوستانہ مقابلہ سڈنی میں منعقد کیا گیا تھا جس میں ڈیڑھ کلوگرام گوشت پیٹیز اور 6 لٹر ملک شیک بھی شامل تھا۔ مقابلے کا عنوان ’مرد بمقابلہ 16 کلو گرام‘ تھا جو فاسٹ فوڈ ریسٹورینٹ ملکی لین نے منعقد کیا تھا۔ کھانے میں ڈیڑھ کلو گرام فرائز، ڈیڑھ کلو گرام وزنی مٹن پیٹیز، ایک کلو پنیر، ایک کلوگرام پورک، ڈیڑھ کلوگرام پنیر کیک، چھ لٹر ملک شیک اور دیگر چھوٹی بڑی اشیا شامل تھیں۔
اس کے ساتھ ہی کمپنی کے سب سے بڑے برگر بھی تھے جنہیں پیاز کے ساتھ پیش کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ تینوں شرکا نے مقابلے سے قبل بہت سارا پانی پی کر معدے کو صاف اور لچک دار بنایا تھا۔