لاہور: (ویب ڈیسک) ایک بھارتی خاتون پولیس آفیسر اپنے ہی والد سے سینئر عہدے پر فائز ہوگئیں اور دوران ڈیوٹی جب دونوں کا آمنا سامنا ہوا تو باپ نے بیٹی کو فخر سے سیلیوٹ کیا۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق اے آر اُوما مہیشور شرما محکمہ پولیس میں گزشتہ 30 سال سے بحیثیت ڈپٹی کمشنر آف پولیس تعینات ہیں اور اگلے سال ریٹائر ہو رہے ہیں۔ اُوما مہیشور کی بیٹی سندھو شرما اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے 4 سال میں ہی ریاست تلنگانہ کے ضلع جگتیال میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بن گئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک عوامی اجتماع میں جب دونوں کی ڈیوٹی لگی تو پہلی بار ان کا آمنا سامنا ہوا، اس موقع پر لوگوں نے وہ جذباتی لمحہ بھی دیکھا کہ باپ نے اپنے ہی بیٹی کو سیلیوٹ کیا۔ اوما مہیشور کہتے ہیں کہ وہ ڈیوٹی کے دوران باپ بیٹی کی طرح بات نہیں کرتے، مگر گھر پر اچھے باپ بیٹی کی طرح رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ میری سینئر افسر ہے، جب میں اسے دیکھتا ہوں تو اسے سیلوٹ کرتا ہوں، ہم اپنی اپنی ڈیوٹی کرتے ہیں ۔
دوسری جانب سندھو کا کہنا تھا کہ وہ بہت خوش ہیں اور ایک ساتھ کام کرنے کا موقع ملنا ہمارے لیے بہت اچھا ہے ۔