لاہور: (روزنامہ دنیا) امریکی شہری جیک ہرمز پچھلے کئی سال سے ایپل کے پرانے آئی میک کمپیوٹرز کو دل کش مچھلی گھروں کی شکل دے رہا ہے اور اب تک وہ دنیا بھر میں ایک ہزار سے زائد مچھلی گھر فروخت کر چکا ہے۔
وہ اپنے گھر کے تہہ خانے میں بیٹھ کر پرانے کمپیوٹر کو خوبصورت ایکوریم میں تبدیل کرنے میں مصروف رہتا ہے۔ ایک آئی میک کمپیوٹر کو مچھلیوں کی رہائشگاہ بنانے میں اسے گھنٹوں لگ جاتے ہیں کیونکہ وہ اپنا کام انتہائی دلجمعی سے کرتا ہے۔ جیک کباڑ خانوں سے 2000 کے بعد متعارف کرائے جانے والے جی تھری آئی میک کمپیوٹرز خرید کر لاتا ہے۔
خوبصورت ڈیزائن اور دل کش کلر سکیم کی وجہ سے یہ کمپیوٹر ایکوریم میں ڈھل کر بہت ہی بھلے لگتے ہیں۔ جیک ہرمز چین اور جاپان سمیت متعدد ممالک میں اپنے بنائے ہوئے منفرد مچھلی گھر بھیج چکا ہے۔ اس نے اپنی ویب سائٹ بھی بنا رکھی ہے جس پر اسے آن لائن آرڈر موصول ہوتے ہیں۔