کیلیفورنیا: (روزنامہ دنیا) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے لیوسل پیکارڈ چلڈرن ہسپتال میں قبل از وقت پیدا ہونیوالا بچہ 28 سال بعد اسی ہسپتال میں ڈاکٹر بن کر واپس آ گیا۔
حیران کن طور پر اُس کی دیکھ بھال کرنے والی نرس بھی اس کی ٹیم کا حصہ بن گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے لیوسل پیکارڈ چلڈرن ہسپتال میں ایک عجیب منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب 28 سال قبل پیدا ہونیوالا بچہ ڈاکٹر بن کر اسی ہسپتال میں واپس آیا اور حیران کن طور پر اس بچے کی دیکھ بھال کرنیوالی نرس بھی اس کی ٹیم کا حصہ بن گئی۔
ہسپتال کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر نرس اوربچے کی ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے، فیس بک پر جاری کردہ پوسٹ میں لکھا گیا کہ پہلی تصویر 28 سال پرانی ہے جس میں نرس ولما وونگ کی گود میں ایک 29 ہفتوں کا پری میچیور بچہ موجود ہے لیکن دوسری تصویر میں یہی دو لوگ اسی ہسپتال میں ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔