لاہور: (روزنامہ دنیا) جدید دور میں فیشن کے نت نئے انداز دلچسپ سے زیادہ حیران کن ثابت ہو رہے ہیں اور اب سانپ کی طرح دکھائی دینے والے پاجاموں نے بھی سب کی حیرت میں اضافہ کر دیا ہے۔
جاپانی فیشن ڈیزائن سٹوڈیو می می نے حال ہی میں اپنی نئی کلیکشن متعارف کروائی ہے جسکے پرنٹس کو بالکل سانپ کی کھال کی طرح ڈیزائن کیا گیا ہے۔ می می کا کہنا ہے کہ ماڈلز پر اکثر سانپ اٹھا کر واک کرنے پر تنقید کی جاتی تھی، یہی وجہ ہے کہ اب ایسے پیٹرن کے پاجامے تیار کئے گئے ہیں جنکا اوپری ٹانگوں والا حصہ سانپ کے جسم اور پاؤں والا حصہ سانپ کے منہ سے مشابہہ ہے۔
می می کے مطابق ان پاجاموں کو ایسے تیار کیا گیا ہے کہ دیکھنے والے کو پہلی نظر میں یہ بالکل سانپ دکھائی دیگا۔ ان ڈیزائنز کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جنہیں دیکھنے کے بعد صارفین تبصرے کر رہے ہیں کہ یہ بالکل حقیقی سانپ جیسے معلوم ہوتے ہیں۔