میلبورن: (روزنامہ دنیا) آسٹریلیا میں رات کے دوسرے پہر ایک کسان نے عجیب منظر دیکھا کہ ایک زیتونی اژدھا کئی مینڈکوں کو اپنے اوپر سوار کرا کے انہیں کسی محفوظ جگہ لے جارہا ہے۔
کسان پال موک کاکہنا ہے کہ وہ اس اژدھے کو پہلے بھی کئی بار دیکھ چکا ہے اور وہ ایک چھوٹے کینگرو کو سالم نگل گیا تھا، اب میں نے دیکھا کہ رات کے ڈیڑھ بجے بارش کے پانی کی وجہ سے ہزاروں مینڈک محفوظ اونچے مقامات کی تلاش میں تھے کہ اس نے اژدھے کی پیٹھ پرمزے سے بیٹھے کئی مینڈک دیکھے اوراژدھا ان کیلئے ٹرانسپورٹ کا کام کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا تھا۔
واضح رہے کہ زیتونی نسل کا اژدھا اگرچہ مینڈکوں کو کھاتا ہے لیکن اس منظر میں اسے کسی مینڈک کو کھاتے ہوئے نہیں دیکھا گیا۔ پال کا خیال ہے کہ شاید پہلے یہ بہت سے مینڈکوں کو کھا کر پیٹ بھر چکا ہے اور اس کے بعد باقی مینڈکوں کو لے کر محفوظ مقام تک گیا ہے۔