دنیا کا معمر ترین شخص جہان فانی سے کوچ کر گیا

Last Updated On 21 January,2019 10:52 am

ٹوکیو: (روزنامہ دنیا) دنیا کے معمر ترین شہری کا اعزاز حاصل کرنے والے جاپانی بزرگ 113 برس کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کر گئے۔ انھوں نے اپنی طویل العمری کا راز ہر کھانے کے بعد میٹھا کھانا اور روزانہ گرم پانی سے غسل بتایا تھا۔

گزشتہ برس گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ سے دنیا کے معمر ترین شخص کا اعزاز لینے والے ماسازونونا گزشتہ صبح اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ اُن کے صاحبزادے نے بھی والد کی موت کی تصدیق کر دی۔

ماسازونونا نے 25 جولائی 1905 کو جاپان میں آنکھ کھولی، گزشتہ برس 112 سال کی عمر میں بیماری کے باعث ان کے پٹھے کمزور ہو گئے جس کے بعد وہ چلنے پھرنے سے معذور ہو گئے تھے تاہم اتنی طویل عمر کا راز انھوں نے ہر کھانے کے بعد میٹھا کھانا اور روزانہ گرم پانی سے غسل بتایا تھا۔ ماسازونونا کا نام گزشتہ برس اپریل میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کیا گیا اور وہ دنیا کے طویل العمر شخص ہونے کا اعزاز پانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔