جسم کی ٹھنڈک اور حرارت کیلئے ایئرکنڈیشنڈ اور ہیٹر پیوند تیار

Last Updated On 21 May,2019 11:03 am

سان ڈیاگو: (روزنامہ دنیا) یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سان ڈیاگو کے سائنسدانوں نے بلڈ پریشر ناپنے والی پٹی کی طرح ایک پیوند بنایا ہے جو گھر، دفتر، باہر یا کسی بھی مقام پر آپ کو ٹھنڈک یا حرارت پہنچاتا ہے۔ نرم اور ہلکا پھلکا یہ پیوند نہ صرف انسانی جانیں بچاسکتا ہے بلکہ اس سے حرارت اور ایئرکنڈیشنڈ کا خرچ بھی کم کیا جاسکتا ہے۔ اس میں لگی بیٹری بھی ہلکی پھلکی اور لچکدار لگی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف سان ڈیاگو میں پروفیسر رنکِن چین نے اس اہم ایجاد کو تیار کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ آلہ پہنتے ہی آپ کئی طرح کے درجہ حرارت کو محسوس کرسکتے ہیں اور گھر میں حرارت بڑھانے یا ماحول سرد کرنے کیلئے تھرموسٹیٹ تبدیل نہیں کرنا پڑتا۔

اگرچہ ایسے آلات پہلے بھی بنائے جا چکے ہیں لیکن ان میں پنکھے نما آلات لگے تھے اور انہیں پہننا بڑا مشکل تھا تاہم یہ نیا پیوند بہت ہلکا پھلکا ہے جس میں درجہ حرارت کنٹرول کرنے کا پورا سرکٹ لگایا گیا ہے۔

ذاتی ہیٹر اور ایئرکنڈیشن نظام کو کئی لوگوں پر آزمایا گیا تو صرف دومنٹ میں ہی اس نے پہننے والے کی جلد کو منفی 89 درجے فارن ہائٹ تک سرد کر دیا۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ اس نظام کو لباس کے اندر سیا جاسکتا ہے اور اس طرح آپ کا لباس ہیٹر یا ٹھنڈی مشین میں بدل سکتا ہے۔