نئی دہلی: (نیٹ نیوز) دنیا کے مختلف ممالک اس وقت سخت گرمی کی لپیٹ میں ہیں جس کی وجہ سے لوگ بے حد پریشان ہیں، تاہم اس گرمی کا فائدہ ایک بھارتی نوجوان نے یوں اُٹھایا کہ چولہے کے بغیر ہی انڈا بنا ڈالا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اُڑیسہ کے ٹاؤن باری پاڈا کے علاقے میور بھانج میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کے گرم ترین موسم میں ایک نوجوان نے موقع سے فائدہ اُٹھایا اور سڑک کنارے ایک پلیٹ میں انڈا ڈالا اور بغیر چولہے کے فرائی کر لیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی اس واقعہ کی ویڈیو وائرل ہو چکی ہیں جسے اب تک لاکھوں افراد یکھ چکے ہیں۔ ویڈیو میں ایک شخص کو دھوپ میں فرائی کیا گیا۔
انڈا کھاتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے اور وہاں قریب موجود لوگ کچھ حیرت زدہ دکھائی دیتے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس واقعہ کی ویڈیو دیکھ کر دلچسپ تبصرے بھی کئے ہیں۔
کئی نے تو یہاں تک لکھ دیا کہ گھر کے باہر ایسا موسم اچھا لگتا ہے اور ہانڈی پکانے کیلئے ایسی گرمی کا استعمال ہو سکتا ہے جس سے گیس کا خرچ بچے گا۔
دوسری طرف بھارت کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں سال ریکارڈ گرمی پڑے گی۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔