بھارتی گاوں میں انوکھی رسم، بھائی کی شادی پر بہن دلہا بنتی ہے

Last Updated On 28 May,2019 09:48 am

ممبئی: (روزنامہ دنیا) بھارت کے تین گاؤں ایسے ہیں جہاں دلہا خود اپنی دلہن نہیں لاتا بلکہ بہن، بھائی کی جگہ دلہا بن کر اور تمام رسومات ادا کر کے دلہن کو گھر لاتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے شہر چھوٹا اُدے پور کے گاؤں (سرکھڈا، سانڈا اور امبل) میں رہنے والے قبائلی دلچسپ اور غیر معمولی روایت کے مطابق شادی کرتے ہیں۔ یہاں ہونے والی شادیوں میں دلہا خود اپنی شادی پر موجود نہیں ہوتا بلکہ اُس کی بہن دولہا بن کر دلہن کو لاتی ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ اُدے پور کے ان تینوں گاؤں میں ایسا ہوتا ہے کہ دلہا اپنی شادی کے وقت گھر پر ہی موجود ہوتا ہے جبکہ لڑکے کی جگہ اُس کی غیر شادی شدہ بہن یا خاندان کی کوئی غیر شادی شدہ لڑکی دلہا بنتی ہے اور نہ صرف دلہا بنتی ہے بلکہ ایک دلہے کی طرح شادی کی تمام رسومات ادا کرتی ہے۔

وہاں کے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے گاؤں میں مردوں کو دیوتا تصور کیا جاتا ہے، اُن کو عزت دینے کیلئے وہ ایساکرتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ایسا کرنے سے لڑکا تمام تر پریشانیوں اور تکلیفوں سے بھی دور رہتا ہے۔