سیاحوں پر حملے کرنیوالے بھالو کو عمر قید کی سزا

Last Updated On 19 June,2019 10:20 am

نورسلطان: (روزنامہ دنیا) کرغزستان کی عدلیہ نے انسانوں پر حملہ کرنے کے جرم میں مادہ بھالو کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے جیل میں قید کر دیا ہے جہاں مادہ بھالو کا نا صرف مجسمہ نصب کیا گیا ہے بلکہ ملاقاتی بھی آتے ہیں. ‌

میڈیا رپورٹس کے مطابق اکاتیرینا عرف کاتیا نامی بھالو پر الزام تھا کہ اس نے 2004 میں 11 سالہ بچے پر اس وقت حملہ کیا تھا جب وہ کاتیا کو کھانا کھلانے کیلئے پنجرے کے قریب گیا تھا۔ کاتیا نے بچے کی ٹانگ پکڑلی تھی جس کے نتیجے میں بچہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اسی برس مادہ بھالو نے نشے میں دھت 28 سالہ شخص کو بھی حملہ کر کے زخمی کردیا تھا جو پنجرے میں ہاتھ ڈال کر کاتیا سے مصافحہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

دو انسانوں پر حملے کے بعد انتظامیہ نے کاتیا کو کسی اور جگہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم کسی بھی چڑیا گھر انتطامیہ یا جنگلی جانوروں سے دیکھ بھال کرنے والے ادارے سے کاتیا کو پناہ دینے سے انکار کردیا تھا جس کے باعث انسانوں کی جیل میں 700 قیدیوں کے درمیان کاتیا کو بھی قید کرنا پڑا۔

مادہ بھالو اب جیل کی پہچان بن چکی ہے اور انتظامیہ نے کاتیا کا ایک مجسمہ بھی نصب کر دیا ہے جبکہ قیدیوں سے ملاقات کیلئے آنے والے افراد کو بھی کاتیا سے ملاقات کی اجازت ہے۔