برلن: (روزنامہ دنیا) جرمنی کے دارالحکومت برلن کے چڑیا گھر میں نایاب قسم کے پانڈے کے جڑواں بچوں کی پیدائش کا جشن منایا جا رہا ہے۔ اس نایاب جوڑے کو 2017 میں ایک ملین یورو کے عوض خریدا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جرمنی میں پہلی بار نایاب ممالیہ جانوروں نے جڑواں بچوں کو جنم دیا جن کا رنگ گلابی ہے۔ پیدائش کے وقت یہ اتنے چھوٹے ہیں کہ آسانی سے ہتھیلی پر اٹھایا جا سکتا ہے۔ ماں اور بچے دونوں ہی صحت مند ہیں لیکن چھوٹے بچے کا وزن معمول سے کم تھا اس لیے اسے انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے تاہم اس کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں۔
واضح رہے کہ یہ جرمنی کے کسی بھی چڑیا گھر میں پانڈوں کی واحد جوڑی ہے اور اس جوڑی کو 2017 میں چین سے ایک ملین یورو کے عوض خریدا گیا تھا اور ان میں سے مینگ مینگ مادہ اور ژیاؤ چنگ نر پانڈا ہے۔